اگرمحمد نعمان ہرارے میں زمبابوے کے خلاف ہوئے ٹیسٹ میں پاکستان کی واحد اننگ میں وائیڈ بال پر اسٹمپ نہیں ہوتے تو وہ ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی سنچری مکمل کرلیتے اور ایک ٹیسٹ میں سنچری کے ساتھ 5 وکٹیں لینے والے کھلاڑیوں میں شامل ہوجاتے۔
دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے نعمان علی نے143 منٹ میں 104 گیندوں پر9چوکوں اور5 چھکوں کی مدد سے97 رنز بنائے جو9ویں نمبر پر بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔9ویںنمبر پر بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے واحد سنچری بنانے والے بلے باز آصف اقبال ہیں جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف اوول میں اگست 1967 میں200 منٹ میں244 گیندوں پر21 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے146 رنز بنائے تھے۔زمبابوے کی دوسری اننگ میں محمد نعمان نے21 اوور میں86 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔
محمد نعمان ایک ٹیسٹ میں سنچری اور5 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ تو نہیں انجام دے سکے مگر وہ نصف سنچری اور 5 وکٹیں لینے والے پاکستان کے 8ویں کھلاڑی بنے۔ پاکستان کی جانب سے ایسا13 مرتبہ ہوا ہے۔ وسیم اکرم اور عمران خان نے3 مرتبہ اور مشتاق محمد نے 2 مرتبہ ایک ٹیسٹ میں نصف سنچری کے ساتھ ساتھ 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ہے۔عبدالقادر، ثقلین مشتاق اور سعید اجمل نے ایک، ایک مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔
ایک ٹیسٹ میں نصف سنچری کے ساتھ ساتھ 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی آصف اقبال تھے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ویلنگٹن میں جنوری 1965 میں ہوئے ٹیسٹ میچ میں انہوں نے پاکستان کی دوسری اننگ میںآئوٹ ہوئے بغیر 52 رنز بنائے تھے۔ وہ نیوزی لینڈ کی پہلی اننگ میں48 رنزدیکر 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے میں کامیاب رہے تھے۔
عمران خان نے 3 مرتبہ ایک ٹیسٹ میں نصف سنچری اور 5 وکٹیں لی ہیں جس میں سے 2 مرتبہ انہوں نے ایسا ایک ہی سیریز میں انجام دیا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف 1982 میں برمنگھم میں ہوئے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی پہلی اننگ میں وہ 52 رنز دیکر7 وکٹیں لینے کے بعد پاکستان کی دوسری اننگ میں 138 منٹ میں103 گیندوں پر6چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے65 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔
اسی سیریز میں لیڈز میں ہوئے تیسرے ٹیسٹ میچ میں عمران خان نے پاکستان کی پہلی اننگ171 منٹ میں131 گیندوں پر9 چھکوں اور2 چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر 67 رنز بنانے کے بعدانگلینڈ کی پہلی اننگ میں25.2 اوور میں49رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ بھارت کے خلاف فیصل آؓباد میں جنوری 1983 ہوئے ٹیسٹ میں عمران خان نے پاکستان کی واحد اننگ میں 192منٹ میں 121 بالوں پرنو چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے117 رنز بنانے کے علاوہ117 رنز دیکر 11کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھااور ایک ٹیسٹ میں سنچری کے ساتھ10 وکٹیں حاصل کرنے والے پاکستان کے واحد کھلاڑی بنے تھے۔ انکے علاوہ ایسا آسڑیلیا کے ڈیوڈسن انگلینڈ کے ایان بوتھم اور بنگلا دیش کے ثاقب الحسن نے کیا ہے۔