سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر سمیت گردونواح کے مختلف مقامات پر شدید آندھی، طوفان اور بارش، سیپکو کے مختلف علاقوں میں واقعہ 76 فیڈرز ٹرپ ہوگئے، جس کے نتیجے میں ان علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ شدید آندھی، طوفان اور بارش نے بجلی کی فراہمی کے نظام کو بری طرح متاثر کردیا، 66 کے وی نارا l، نارا ll، 132 کے وی چونڈکو، مہراب پور، خیرپور، کوٹ ڈیجی، گمبٹ، 66 کے وی ڈوکری، رادن 132 کے وی مہر، نصیر آباد، فرید آباد، سکھر سٹی، سکھر سائٹ، ٹاؤن شپ آرائیں روڈ، روہڑی، 66 کے وی وارہ، مبارک پور آنے والے تمام فیڈرز سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوگئی ہے۔ دوسری جانب سیپکو ترجمان نے کہا کہ سیپکو فیلڈ عملہ متاثرہ علاقوں کو بجلی کی جلد سے جلد بحالی کے لیے مصروف ہیں اور ان کاموں کی نگرانی چیف انجینئر آپریشن ڈائریکٹر سرفراز احمد خان خود کررہے ہیں۔ ان کے ہمراہ تمام چیف انجینئرز، ایس ایز، ایکسیئن، ایس ڈی اوز کنٹرول سینٹر میں مسلسل رابطے میں ہیں اور ان کا تکنیکی فیلڈ عملہ بھی موجود ہے۔ بہت جلد تمام متاثرہ فیڈرز سے بجلی کی فراہمی بحال کردی جائے گی۔