لاہور /کراچی(نمائندہ جسارت+اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے اہل پاکستان سے اپیل کی ہے کہ فلسطینیوں کے لیے کھولے گئے فلسطین فنڈ میں دل کھول کر عطیات جمع کرائیں ۔ انہوںنے کہاکہ اسرائیل کے مسلسل حملوں نے غزہ کو ایک بار پھر جنگ زدہ علاقہ بنا دیا ہے۔فلسطینیوں کے لیے کوئی جائے پناہ نہیں ہے۔ لوگ جل رہے اور ان کے گھر ملبے کے ڈھیر بن رہے ہیںجبکہ عالمی ضمیر اندھا،گونگا اور بہرہ بنا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی فلسطینیوں کے ساتھ ہر ممکنہ اظہار یکجہتی جاری رکھے گی۔دریں اثنا امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے بھی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ دل کھول کر اپنے مظلوم فلسطینی عوام کی مدد کے لیے جماعت اسلامی کے قریبی دفاترمیںعطیات جمع کرائیں۔ ناجائز اسرائیلی ریاست نے فلسطینی عوام کے لیے زندگی تنگ اورظلم وجبر کی تمام حدیں پارکردی ہیں۔انسانی حقوق کے دعویداروں اورعالمی ضمیر کا خاموش تماشائی کردار افسوس ناک ہے۔مشکل کی اس گھڑی میں جماعت اسلامی اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔صوبائی امیرنے ذمے داران پربھی زوردیاکہ وہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی جانب سے قائم کردہ فلسطین فنڈ کے لیے بھرپور کوشش کریں۔