سراج الحق کا فلسطین میں امن فوج تعینات کرنیکا کا مطالبہ ۔شاہ محمود،اسماعیل ہنیہ اور خالد مشعل سے رابطہ

301

لاہور( نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ، فلسطین کے سابق وزیر اعظم اسماعیل ہنیہ اور حماس کے چیف رہنما خالد مشعل سے رابطہ کیا ہے ، تمام رہنمائوں نے اوآئی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے اجلاس میں متفقہ موقف اختیار کرنے پر اتفاق کیا ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے فلسطین کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ فلسطین کے حوالے سے پوری قوم ایک پیج پر ہے۔ پاکستان فلسطین کے حوالے سے موجودہ حالات میں خود لیڈ کرے۔ او آئی سی کے اجلاس میں واضح اور دو ٹوک موقف اپنایا جائے۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہاکہ فلسطین کے ایشو پر مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے میں ہوں، فلسطین کے ایشو پر متفقہ لائحہ عمل اختیار کریں گے۔سرا ج الحق نے کہا کہ فلسطین کے سابق وزیراعظم اسماعیل ہانیہ اور حماس کے چیف رہنما خالد مشعل سے رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ او آئی سی کا اجلاس بلایا جائے ۔ جامع مسجد منصورہ میں نماز عید الفطر کے اجتماع سے
خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ بیت المقدس ،مسجد اقصیٰ میں اقوام متحدہ کی امن فو ج تعینات کی جائے۔ او آئی سی بھی اپنے پلیٹ فارم سے فلسطین میں فلسطینی عوام اور مقدس مقامات کی حفاظت کے لیے یو این او کی فوج تعیناتی کا مطالبہ کرے۔جماعت اسلامی اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ امت مسلمہ کے حکمران بے حسی چھوڑ کر کشمیر فلسطین کے لیے یک آواز بنیں۔جماعت اسلامی 23مئی کو قومی مشاورت کے لیے کانفرنس بلائے گی۔ سراج الحق نے کہا کہ جب تک فلسطینیوں اور کشمیریوں کو ان کا حق نہیں دیا جاتا امن قائم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں اسرائیلی فوج نے نہتے اور روزہ دار فلسطینیوں کو بیت المقد س مسجد اقصیٰ میں نماز پڑھنے سے روکا اور ساتھ ہی میزائیلوں ،ٹینکوں سے حملہ کرکے 68 فلسطینیوں کو شہید جبکہ300 کو شدید زخمی کیالیکن اسرائیل کی کھلی دہشت گردی پر عالمی ضمیر سو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جانوروں کے حقوق پر آنسو بہانے والی انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی فلسطینیوں کے قتل عام پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ میں فلسطینی مردوں کے ساتھ ساتھ مائوں اور بیٹیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اسرائیلی فوج کا نہتے ہوکر بھی سینہ تان کر مقابلہ کیا۔ سراج الحق نے سلامتی کونسل کے ارکان ممالک اسرائیل کے پشت بانی کرکے بدمعاش کا کردار ادا کررہے ہیں۔لیکن دوسری جانب عالم اسلام کے حکمرانوں کو سانپ سونگھ گیا۔رمضان المبارک میں مسجد اقصیٰ میں گھس کر اسرائیلی فوج نے حملہ کیا ۔سراج الحق نے کہا کہ پاکستان ایٹمی ،زرعی ملک ہے لیکن ہمارے حکمران زکوٰۃ فطرانہ اکٹھے کرکے پاکستان کی عزت و ناموس کو دنیا کے سامنے ملیا میٹ کررہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں سراج الحق نے کہا کہ پاکستان امت مسلمہ کی امیدوں کا مرکز ہے ۔پاکستانی عوام غیرت مند غیور اوربہادر ہیں ان شاء اللہ پاکستان اسلامی ممالک کے عوام کو کبھی مایوس نہیں کرے گا۔