اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے، شہباز شریف حدیبیہ پیپر ملز سے خوفزدہ ہو کر بھاگ رہے تھے، غزہ اور کشمیر میں مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز مشیر داخلہ و احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ کابینہ کی ای سی ایل سے متعلق کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کمیٹی ارکان نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ کمیٹی نے نیب کی سفارشات کاجائزہ لیا۔
کمیٹی نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی،کمیٹی نے یہ فیصلہ اتفاق رائے سے کیا کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی ۔وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ ان کے خاندان کے 5 لوگ اس کیس میں مفرور ہیں،تمام14ملزمان کے نام ای سی ایل میں ہیں، جب سب ملزمان کے نام ای سی ایل میں ہیں تو کسی ایک کا نام نکالنے کے لیے خصوصی اقدامات نہیں کیے جا سکتے۔انہوں نے کہاکہ شہبا ز شریف15روزمیں اس فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دے سکتے ہیں،وہ خود بھی کمیٹی میں پیش ہو سکتے ہیں، ان کی نظر ثانی کی درخواست آنے پر وزارت داخلہ90روزمیں فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں شہباز شریف کی میڈیکل گرانٹ سمیت کسی بھی صورتحال سے آگاہ نہیں کیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ ٹی ایل پی سے متعلق فیصلے پر نظر ثانی کا انتظار کر رہے ہیں۔