ایف آئی اے سکھر کا روہڑی میں یوٹیلیٹی اسٹوروں پر چھاپا

141

سکھر (نمائندہ جسارت) ایف آئی اے سکھر نے روہڑی یوٹیلیٹی اسٹوروں سے عوام کو اشیائے ضروریہ نہ ملنے کی خبریں شائع ہونے کا نوٹس لے لیا، چھاپے میں سامان کی تفصیلات اور ریکارڈ چیک کیا، ٹیم پہنچے کے بعد شہریوں کو چینی ودیگر اشیاء کی فراہمی شروع۔ روہڑی کے یوٹیلیٹی اسٹوروں پر آٹا، چینی، گھی اور تیل نہ ملنے کی خبریں شائع ہونے کا ایف آئی اے سکھر نے نوٹس لے لیا۔ ایف آئی اے سکھر کے ایس ایچ او نثار احمد ساوند کی قیادت میں ٹیم نے روہڑی شہر، نیو یارڈ، لوکو شیڈ کے یوٹیلیٹی اسٹوروں پر چھاپے مار کر ریکارڈ چیک کیا اور معلومات لی، ٹیم کے پہنچتے ہی یوٹیلیٹی اسٹوروں سے چینی سمیت دیگر اشیاء صارفین کو ملنا شروع ہوگئیں۔ اس سلسلے میں ایف آئی اے ٹیم کے انچارج ایس ایچ او نثار احمد ساوند نے صحافیوں کو بتایا کہ عوامی شکایت پر چھاپے مارے ہیں تاکہ عوام کو رمضان پیکچ کے تحت آنے والی اشیاء مل سکیں۔ یوٹیلیٹی اسٹور کے ویئر ہائوس پر آٹا، چینی، گھی تیل کی کمی ہے، تاہم جو اشیاء یوٹیلیٹی اسٹوروں کو فراہم کی جارہی تھیں وہ بھی صارفین کو نہیں مل رہیں جس کے باعث چھاپے مار کر ریکارڈ چیک اور معلومات لی ہیں۔ یوٹیلیٹی اسٹوروں سے متعلق عوام کو جو شکایات ہیں ہمیں آگاہ کریں ازالہ کیا جائے گا۔