نوابشاہ (سٹی رپورٹر) الخدمت فائونڈیشن نوابشاہ نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس بار بھی عید کے موقع پر 200 سے زائد مستحق و نادار خاندانوں میں خوشیاں بکھیرنے کا اہتمام کیا، تقریباً چھے لاکھ سے زائد مالیت سے آرفن بچوں ودیگر نادار افراد کے گھروں میں راشن پہنچایا، آرفن بچوں کو کپڑوں و جوتوں کی ان کی پسند کی خریداری کے علاوہ ان میں نقد عیدی بھی تقسیم کی گئی۔ راشن بیگز کی تیاری، مستحق افراد کی فہرست کی تیاری، ان کے گھروں تک راشن پہنچانے کے لیے صدر الخدمت فاؤنڈیشن نوابشاہ انجینئر عبدالوہاب خان اور ان کی ٹیم کی کاوشیں شامل ہیں، وہیں جماعت اسلامی نوابشاہ کے امیر فیصل ہمایوں اور ان کی ٹیم جن میں یاسر خان، محمد مبارک، قاری عبدالوحید، شاہ رخ بھٹی، جمیل مغل و دیگر شامل تھے۔ صدر الخدمت فائونڈیشن نوابشاہ انجینئر عبدالوہاب خان نے ان تمام مخیر حضرات کا بھی شکریہ ادا کیا جو الخدمت کی فلاحی کاموں کے لیے اعتماد کرتے ہوئے مدد کرتے رہتے ہیں۔