سندھ حکومت کا سکھر ،جامشورو اور لاڑکانہ میں آکسیجن پلانٹ لگانے کا فیصلہ

292

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے پیش نظر سکھر، جامشورو اور لاڑکانہ میں آکسیجن پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصرحسین شاہ اور مشیر قانون مرتضیٰ وہاب نے کورونا وبا کے دوران ہیلتھ کیئر اسٹاف کی شاندار خدمات کو سرہاتے ہوئے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کورونا کی تشویشناک صورت حال میں ہمارے ہیلتھ کیئر اسٹاف کام کررہے ہیں‘ شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ صورتحال کی نزاکت کا احساس کرتے ہوئے احتیاط سے کام لیں۔ انہوں نے کہا کہ آکسیجن پلانٹ لگانے کے لیے اقدامات شروع کردیے ہیں‘سکھر، جامشورو اور لاڑکانہ میں آکسیجن پلانٹ لگا رہے ہیں‘ سندھ حکومت کی فری کورونا ٹیسٹنگ سروس چل رہی ہے‘ بحریہ ٹائون کو بلاول ہائوس کا کوئی شیلٹر حاصل نہیںہے۔ مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ نیب کا دائرہ کار محدود ہے‘ نوکریاں، ٹرانسفر اور پوسٹنگ نیب کے دائرہ کار میں نہیں آتے‘ نیب کا خط ناقابل قبول اور قابل مذمت ہے‘ چیئرمین نیب ڈومیسائل اور افسران کے تقرر سے متعلق خط کا نوٹس لیں‘ نیب کا خط غیر قانونی ہے۔ وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ ٹرین سروس چلنے سے وائرس کے پھیلائو کو روکنے میں مشکلات ہیں‘بیرون ملک سے آنے والے12 افراد میں کورونا مثبت کیس کی تصدیق ہوئی‘ دنیا میں کورونا ویکسین نایاب ہے۔