لاہور(نمائندہ جسارت)مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیراطلاعات و نشر یات فواد چودھری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کتا کاٹ جائے تو اس کا کوئی علاج نہیں ،حدیبیہ میں نئی تفتیش کے آغاز کا حکم دے کر عمران خان نے تسلیم کرلیا کہ شہبازشریف کے خلاف تمام نیب کیس جھوٹے تھے ، ثابت ہوگیا کہ آشیانہ، صاف پانی، گندا نالہ،ملتان و لاہور میٹروز، آمدن سے زاید اثاثوں کے سب کیس صرف سیاسی انتقام تھا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب کی کمیشن خور’’غیرقانونی ٹیم‘‘ نے انہیں آٹا، چینی، بجلی ، گیس، ایل این جی، ادویہ چوری پر کوئی بریفنگ دی؟۔’’غیرقانونی ٹیم‘‘ کیوں نہیں بتارہی کہ حدیبیہ ریفرنس کو عدالت عظمیٰ قانونی طورپر ختم کرچکی ہے۔