کراچی (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ سندھ کے قدیمی گوٹھوں میں دہائیوں سے رہنے والے لوگوں کی زمین پر قبضہ کیا جا رہا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ان کا کہنا تھا الزام ہے کہ یہ کام سندھ حکومت ایک معروف ہاؤسنگ سوسائٹی اشتراک سے کر رہی ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ سندھ حکومت کو اس کی فوری وضاحت کرنی چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر حقیقت ہے تو تمام ملوث لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ کراچی کے ضلع ملیر میں قائم پوش آبادی سے متصل دیہات کے رہائشیوں نے الزام لگایا ہے کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی زبردستی ان کی زمینیں ہتھیانا چاہتی ہے، جہاں وہ کئی برسوں سے آباد ہیں۔ علاوہ ازیں جی ڈی اے کے رہنماؤں نے وفاقی حکومت کو ارسال کردہ ایک خط میں ان کی توجہ ملیرکے قدیمی گوٹھوں کے مکینوں کوبے دخل کرنے کی جانب مبذول کراتے ہوئے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔