لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ سینٹرل جیل میں قیدی کی جانب سے درخت میں پھندا لگاکر خودکشی کرلی، ورثا نے جیل انتظامیہ پر قتل کا الزام عائد کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے۔ لاڑکانہ سینٹر جیل میں علی الصبح روڈ حادثے کے ملزم غلام نبی لاشاری نے مبینہ طور پر درخت میں پھندا لگا کر خودکشی کرلی، جس کی لاش ضروری کارروائی کے بعد مجسٹریٹ کی موجودگی میں ورثا کے حوالے کردی گئی جبکہ ورثا نے جیل انتظامیہ پر قیدی کو قتل کرنے کا الزام لگاتے ہوئے لاش سینٹرل جیل کے مرکزی گیٹ پر رکھ کر دھرنا دیا، جہاں انہوں نے جیل انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ اس موقع پر قیدی غلام نبی لاشاری کے بھائی سومر لاشاری نے بتایا کہ غلام نبی کا واقعہ سات بجے پیش آیا جبکہ گیارہ بجے ہمیں اطلاع دی گئی جیل انتظامیہ نے غلام نبی کو قتل کرکے واقعہ کو خودکشی کا رنگ دے دیا ہے، واقعہ کی شفاف تحقیقات کرکے انصاف فراہم کی جائے۔ اس حوالے سے جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قیدی غلام نبی کے ضمانت کی درخواست مسترد ہوئی جس پر وہ انہوں نے دلبرداشتہ ہوکر کر خودکشی کی ہے۔ دوسری جانب پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء لاش گھر لے گئے، جہاں لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ واضح رہے کہ یکم اپریل پر لاڑکانہ کے قریب باراتیوں کی بس اور ٹریکٹر میں ٹکر کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوئے تھے واقعے کا مقدمہ غلام مرتضیٰ ابڑو کی مدعیت میں ٹریکٹر ڈرائیور غلام نبی لاشاری سمیت دو افراد پر درج کیا گیا تھا۔