شہباز شریف کو روکنا توہین عدالت ہے ،حکومت انتقام میں اندھی ہوگئی،ن لیگ

163

اسلام آباد/ لاہور (آن لائن) مسلم لیگ ن کا ماڈل ٹاؤن لاہور میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس منعقد ہوا ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال سمیت سینئر رہنماؤں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں شہباز شریف کو لندن جانے سے روکنے کے حکومتی اقدام کی شدید مذمت کی گئی ۔ ن لیگی رہنمائو ں نے کہا کہ عدالت عالیہ کے فیصلے کے باوجود شہباز شریف کو روکنا توہین عدالت ہے‘ حکومت بد ترین سیاسی انتقام میں آندھی ہوچکی ہے۔ قانونی ٹیم نے بھی اجلاس کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں شہباز شریف کو لندن جانے سے روکنے پر تمام قانونی آپشنز اختیار کرنے کی تجاویز پر بات چیت کی گئی ۔ مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز نے گزشتہ روز ہونے والے کابل بم دھماکوں میں قیمتی جانوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابل اسکول دھماکوں نے سانحہ اے پی ایس پشاور کے زخم تازہ کردیے ۔ جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے افغان دارالحکومت کابل میں اسکول دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں اکثریت طلبہ کی تھی۔