پاکستان میں عام آدمی کیلئے زندگی گزارنا مشکل ہوگیا ،بلاول زرداری

151

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے پاکستان میں غربت کی شرح میں تشویش ناک اضافے پر پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت میں 30 فیصد اضافے کے ساتھ ساڑھے 8 کروڑ پاکستانی غربت کی لکیر کے دہانے پر کھڑے ہیں۔بلاول زرداری نے کہا کہ پاکستان میں یومیہ 15 سے 20 افراد خودکشی کرکے اپنی زندگیوں کا خاتمہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا وزیراعظم صاحب! اپنی خیالی دنیا سے باہر آئیں۔ پاکستان کے عام آدمی کیلئے زندگی گزارنا مشکل ہوچکا۔انہوں نے کہا کہ جب مہنگائی کی سالانہ شرح 14 فیصد سے تجاوز کرجائے گی تو عام آدمی آخر کیسے گزارا کرے گا؟۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں دوائیں سوفیصد سے زائد مہنگی ہوچکی ہیں، غریب کا کوئی پرسانِ حال نہیں ہے۔اشرافیہ کے لئے ایمنسٹی اسکیم اور غریبوں کے لئے لنگر خانے — وزیراعظم صاحب ایسے نہیں چلے گا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عام آدمی کی جیب سے 90 ارب روپے سے زائد نکالنے کیلئے ایک بار پھر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عید کے بعد صنعتی شعبے سے 20 فیصد ملازمین کو نوکریوں سے نکال دینے کے خدشے نے حقیقت کا روپ دھارا تو حالات اور خراب ہوجائیں گے۔ملک کی تباہی کی وجہ کرپشن کو بتانے والے وزیراعظم صاحب! ملک آپ کی عوام دشمن سوچ کی بدولت معاشی لحاظ سے تباہ ہوچکا۔