عابد علی ٹیسٹ کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے22 ویں پاکستانی

213

زمبابوے کے خلاف ہرارے میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن عابد علی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے637 منٹ میں407 گیندوں پر29 چوکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر215 رنز بنائے جو ٹیسٹ کرکٹ میں انکا سب سے زیادہ اسکور ہے۔دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے عابد علی ٹیسٹ کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے پاکستان کے 22ویں کھلاڑی بنے۔ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں ابھی تک44 ڈبل سنچریاں اسکور ہوئی ہیں۔ جاوید میاں داد اور یونس خان نے 6-6ڈبل سنچریاں اسکور کی ہیں۔اس سے پہلے انکا سب سے زیادہ اسکور174 تھا جو انہوں نے سری لنکا کے خلاف کراچی میں دسمبر 2019 میںبنایا تھا۔
جاوید میاں داد نے1976 اور1989کے درمیان 124 ٹیسٹ میچوں کی189 اننگز میں52.57 کی اوسط سے 8832 رنز 23سنچریوں کی مدد سے بنائے تھے جس میں 6 مرتبہ وہ 200 سے بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں انکا سب سے بڑا اسکورآئوٹ ہوئے بغیر 280 ہے جو انہوں نے بھارت کے خلاف حیدرآباد میں جنوری 1983 میں696 منٹ میں460 گیندوں پر19 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے بنایا تھا۔
یونس خان نے 2005 اور2016 کے درمیان 118 ٹیسٹ میچوں کی213 اننگز میں52.05 کی اوسط سے 10099رنز 34سنچریوں کی مدد سے بنائے تھے جس میں 6 مرتبہ وہ 200 سے بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں انکا سب سے بڑا اسکور313 ہے جو انہوں نے سری لنکا کے خلاف کراچی میں فروری 2009 میں760 منٹ میں568 گیندوں پر27 چوکوں اور 4 چھکے کی مدد سے بنایا تھا۔
محمد یوسف اور ظہیر عباس نے ٹیسٹ کرکٹ میں 4-4سنچریاں اسکور کی ہیں جبکہ اظہر علی 3مرتبہ 200 سے بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے ہیں۔حنیف محمد، انضمام الحق ، قاسم عمر اور شعیب محمد 2-2 ڈبل سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔عامر سہیل،اعجاز احمد، امیتازاحمد ،محمد حفیط، محسن خان، مدثر نذر، سلیم ملک، شعیب ملک، مشتاق محمد،تسلیم عارف، توفیق عمر اور وسیم اکرم نے ایک ایک ڈبل سنچری بنائی ہے۔
پاکستان کی جانب سے پہلی ڈبل سنچری امتیاز احمد نے بنائی تھی۔اکتوبر1955 میں نیوزی لینڈ کے خلاف لاہور میں ہوئے ٹیسٹ میںانہوں نے380 منٹ میں28 چوکوں کی مدد سے209 رنز بنائے تھے۔
عابد علی کی ڈبل سنچری زمبابوے کے خلاف 8ویں زمبابوے میں اور کل ملاکر 16ویں ڈبل سنچری ہے۔کل13 بلے بازوں نے زمبابوے کے خلاف ڈبل سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔سری لنکا کے مارون اتاپٹو نے زمبابوے کے خلاف 3 ڈبل سنچریاں بنائی ہیں جبکہ بنگلا دیش کے مشفق الرحیم نے 2 مرتبہ200 سے بڑی اننگز کھیلی ہے۔ عابد علی سے پہلے پاکستان کے 2 کھلاڑیوں ، وسیم اکرم اور یونس خان نے زمبابوے کے خلاف ڈبل سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔وسیم اکرم نے پاکستان میں اوریونس خان نے زمبابوے میں ایسا کیا ہے۔