شہباز شریف نے اندھیرے میں فرار ہونے کی کوشش کی،حکومت

207

 

اسلا م آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے اندھیرے میں ملک سے فرار ہونے کی کوشش کی، یہ جب اقتدار میں ہوتے ہیں تو ملک میں ہوتے ہیں اور اقتدار میں نہ ہوں تو انہیں لندن یاترا یاد آجاتی ہے۔ اپنے بیان میں وزیر مملکت نے کہا کہ اربوں روپے کے شہباز شریف کے خلاف ٹی ٹی کے کیسز ہیں، قانون کا دہرا نظام نہیں ہوسکتا، شہباز شریف طریقہ کار تو اپنائیں، ڈی جی ایف آئی اے کو تو بتائیں۔انہوں نے کہا کہ جنہوں نے چوری نہ کی ہو، عوام کا پیسا نہ لوٹا ہو وہ راتوں رات فرار نہیں
ہوتے، شریف خاندان ملک میں منی لانڈرنگ، ہنڈی کا موجد ہے، ان کو قانون کا احترام کرنا چاہیے،فرخ حبیب نے کہا کہ قبل ازیں نوازشریف بھی واپس آنے کا وعدہ کرکے گئے مگر ابھی تک واپس نہیں آئے،آپ نے چوری نہیں کی تو آپ کو کیوں بار بار لندن جانا پڑتا ہے؟وفاقی وزیر نے سندھ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سوالیہ انداز میں کہا کہ پرچی چیئرمین سے پوچھتا ہوں کراچی کی کتنی مارکیٹوں کا دورہ کیا؟ آپ کا وزیراعلیٰ مارکیٹوں کے کتنے دورے کرتا رہا؟انہوں نے کہا کہ آپ نے پورے سندھ کے عوام کو مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑا ہوا ہے، سندھ میں کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتیں زیادہ ہیں۔ کراچی کے لوگوں کو آپ نے ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑا ہوا ہے۔ فرخ حبیب نے یہ بھی کہا کہ پنجاب حکومت نے رمضان سستا بازار کی مد میں 5 ارب کی سبسڈی دی، اپوزیشن کی طرف سے مہنگائی کا بہت زیادہ پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔دوسری جانب وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو چاہیے کہ راتوں رات بھونڈے طریقے سے نکلنے کے بجائے اچھی اور پروفیشنل قانونی ٹیم ہائر کریں۔ہفتے کو اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ کورٹ کے حکم کے مطابق شہباز شریف کو صرف ایک دفعہ بلیک لسٹ سے نکالنے کا کہا گیا۔ یہ الگ بحث ہے کہ لاک ڈائون میں سروس کب ہوتی ہے۔