لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے جمعۃ الوداع کے موقع پر فلسطینی نمازیوں پر اسرائیلی فوج کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ان حملوں میں 2 سو سے زاید فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔سراج الحق نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے گزشتہ کئی ہفتوںسے فلسطینیوں کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کر رکھا ہے اور نمازیوں کے خلاف مسلسل کارروائی کر رہی ہے۔ مسجد اقصیٰ میں داخلے کے قدیم راستوں کو بھی بند کیا جا رہا ہے۔ مسجد اقصیٰ مسلمانوں کے مقدس ترین مقامات میں سے ایک اور قبلہ اوّل ہے، اسی سرزمین سے پیغمبر علیہ السلام معراج پر تشریف لے گئے تھے۔ سراج الحق نے عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ اسرائیل کو فلسطینیوں کے خلاف پُرتشدد کارروائیوں سے روکنے کے لیے ہر ممکنہ اقدام کریں۔