شہزاد اکبر نے وزیراعظم کے حکم پر شہباز شریف کو روکا، مریم اورنگزیب

173

لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو روک کر شہزاد اکبر نے عمران خان کے حکم پر عمل کیا، بلیک لسٹ کی قانونی حیثیت نہیں، شہزاد اکبر اور فواد چودھری کے بیانات آرہے تھے کہ عدالتی حکم نہیں مانتے، اس لیے شہزاد اکبر نے عمران صاحب کے حکم پر عملدرآمد کیا۔ انہوں نے لاہور ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کیا شہباز شریف کو روکنے سے عوام کی مشکلات ختم ہوجائیں گی؟ وہ آج نہیں تو 2 دن بعد چلے جائیں گے، ایسی چھوٹی حرکتیں کرکے حکومت کیا ثابت کرنا چاہتی ہے؟۔ حکومت کی ترجیح شہباز شریف اور سیاسی مخالفین ہیں، چھوٹے لوگ بڑے عہدے پر آجائیں تو ایسا ہی ہوتا ہے لیکن گھبرانے کی ضرورت نہیں، عوام نے ان کو مسترد کردیا ہے، اب ان کو مسلم لیگ(ن) کے متحد ہونے کا خوف ہے۔