کورونا کا خطرہ ہمارے دروازوں پر دستک دے رہا ہے: اسد عمر

312

وفاقی وزیر اور نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ کورونا کا خطرہ پہلے سے زیادہ ہے، خطرہ ہمارے دروازوں پر دستک دے رہا ہے۔

ٹوئٹ کرتے ہوئے سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا کہ اس بات کا بخوبی اندازہ ہے کہ آج سے 16 مئی تک لگائی جانے والی پابندیوں سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہوگا لیکن  خطے میں کورونا  کے خطرناک پھیلاؤ کے باعث یہ فیصلہ ناگریز تھا۔

اسد عمر نے کہا کہ بھارت میں وبا سے پیدا شدہ صورتحال عالمی میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی۔ بھارت میں اسپتال بھر گئے، کئی جگہوں پر آکسیجن کی کمی ہے۔ گزشتہ روز بھی بھارت میں زیادہ کوروناکیسز رپورٹ ہوئے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نیپال میں بھی یومیہ کوروناکیسز کی تعداد 7 ہزار سے زائد ہوئی۔ پاکستان سے آدھی آبادی رکھنے والے ایران میں یومیہ اموات 400 تک پہنچیں۔

اسد عمر نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ہمیں محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ خطرہ پہلے سے زیادہ ہے اور ہمارے دروازوں پر دستک دے رہا ہے۔ ضرورت ہے کہ متحد ہوکر ایک بار پھر وہی کامیابی حاصل کریں جو ہم نے کورونا کی پہلی لہر میں حاصل کی تھی اور جس کے لیے ہمیں عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔ ہم دوبارہ مل کر یہ کام کریں گے۔