شہباز شریف کو اب پاکستان کی گرمی ستا رہی ہے‘فردوس عاشق

167

لاہور (آن لائن) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو اب پاکستان کی گرمی ستا رہی ہے، لندن میں ٹھنڈے محلات کے لیے ان کا دل مچل رہا ہے،شہباز شریف کے بیرون ملک جانے کی اجازت کے لیے عدالتیں جو فیصلہ کریں گی حکومت اسی پر کارروائی کرے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔فردوس عاشق نے کہا کہ حکومت کا اصل مقابلہ مہنگائی سے ہے اور فتح حکومت ہی کی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف حکومتی کوششوں میں سب سے بڑی رکاوٹ ناجائز منافع خور اور ذخیرہ اندوز ہیں۔ وزیر اعلی عثمان بزدار کی عوام ریلیف پالیسی سے مہنگائی کی کمر ٹوٹ کر رہے گی، حکومت عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے ہر وقت کوشاں ہے،برائلر مرغی، کوکنگ آئل اور گھی کی سیکٹرز کو شوگر سیکٹر کی طرز پر ریگولیٹ کیا جا ئیگا تاکہ عوام کو ریلیف ملے اور ناجائز منافع خوری کا خاتمہ ممکن کیا جا سکے۔فردوس عاشق نے کہا کہ عید کی چھٹیوں کے دوران لاک ڈاؤن کا مقصد عوام کی صحت اور زندگی کا تحفظ ہے۔