ڈی سی نے ضلع سکھر میںدھان کی کاشت پر پابندی لگادی

112

سکھر (نمائندہ جسارت) کمشنر سکھر ڈویژن کی جانب سے گھوٹکی، خیرپور اور سکھر اضلاع میں دھان کی کاشت پر پابند ی عائد، علاقے میں دھان کی کاشت پر پابندی پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت، کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے سکھر، خیرپور اور گھوٹکی اضلاع میں دھان کی فصل کی کاشت پر پابندی والے علاقوں میں دھان کی فصل یا بیج کی کاشت پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو دھان کی فصل پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر سکھر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے کراچی میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں ہدایات دی گئی ہیں کہ نان پیڈی، رائس کراپس والے علاقوں میں دھان کی فصل کی کاشت پر رواں سال بھی مکمل طور پر پابندی عائد ہوگی۔ کمشنر سکھر شفیق احمد مہیسر کے مطابق دھان کی فصل پر پابندی پر عملدرآمد کرانے کے ذمے دار متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ہوں گے اور اس سلسلے میں کوئی عذر قابل قبول نہیں ہوگا۔ ڈپٹی کمشنرز اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر نگرانی تعلقہ سطح کی کمیٹیاں تشکیل دیں گے اور انہیں محکمہ آبپاشی اور زراعت کا تعاون بھی حاصل رہے گا۔ کمشنر سکھر کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ پابندی زدہ علاقوں میں فوری طور پر دھان کی فصل یا بیج کو ختم کیا جائے، جبکہ مئی، جون اور جولائی کے مہینوں میں روزانہ کی بنیاد پر دھان کی فصل پر پابندی پر عملدرآمد کے متعلق رپورٹ فراہم کی جائے۔ اس ضمن میں کوتاہی کے مرتکب افراد کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ کمشنر سکھر نے گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ دھان پر مکمل پابندی پر عملدرآمد کرانے کے سلسلے میں اپنے علاقوں کے ایم این اے اور ایم پی ایز کو اعتماد میں لے کر اجلاس منعقد کیے جائیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے پولیس کو بھی ہدایت کی کہ وہ دھان کی فصل پر مکمل پابندی کو یقینی بنائیں۔