مودی سرکار اپنی آئینی ذمے داریاں پوری کرے‘ عدالت عظمیٰ

240

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی عدالت عظمیٰ نے کہا ہے کہ مودی سرکار میڈیا کا منہ بند کرنے کے بجائے اپنی ذمے داریاں پوری کرے۔ مدراس ہائی کورٹ کے انتہائی سخت ریمارک کے خلاف الیکشن کمیشن کی درخواست کی سماعت کے موقع پر عدالت عظمیٰ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو میڈیا پر روک لگانے کے بجائے اپنی آئینی ذمے داریاں ادا کرنی چاہییں۔ اس سے قبل مدراس ہائی کورٹ نے ملک میں کورونا کے بحران کے مد نظر اپنے ریمارک میں کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کے خلاف قتل کا مقدمہ چلا یا جانا چاہیے۔ سپریم کورٹ کے کے مطابق مدراس ہائی کورٹ کے ریمارکس سخت اور نا مناسب تھے اور عدالت کو تحمل سے کام لینا چاہیے تھا، تاہم میڈیا کا منہ بند کرنے کی کوشش کرنا کسی بھی صورت میں مناسب نہیں ہے ۔ اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی درخواست میں کوئی ٹھوس دلیل نہیں ہے۔ سپریم کورٹ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ بھارتی آئین میں دی گئی اظہار رائے کی آزادی صرف عوام تک محدود نہیں ہے ، بلکہ میڈیا کو بھی اظہار رائے کا حق حاصل ہے ۔ میڈیا پر روک لگانا کسی بھی صورت میں مناسب نہیں ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے عدالت عظمیٰ میں درخواست دی تھی کہ عدالتوں میں ججوں کی طرف سے دیے گئے ریمارکس کو شائع کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔