اسلام آباد (آن لائن) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے سفیروں سے وڈیو لنک پر خطاب پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی سفارت کاری کا جنازہ نکال کر 3 سال بعد عمران صاحب کو سفیروں سے وڈیولنک پر خطاب کی یاد آئی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران صاحب سفارتی جائزہ لینا تھا تو میڈیا سرکس لگانے کی کیا ضرورت تھی؟،ملک میں افسروں کی تضحیک کے بعد پاکستان کی نمائندگی کرنے والے سفیروں اور سفارت خانوں کی تضحیک شروع کردی ہے۔ عمران صاحب آپ کنٹینر پر خطاب نہیں کر رہے، کچھ سفارتی وانتظامی اقدار سیکھیں۔ عمران صاحب کنٹینر کی زبان اپنے سفراء کے ساتھ استعمال کرتے ہوئے آپ کو شرم آنی چاہیے۔ عمران صاحب اپنی گرتی ہوئی سیاست بچانے کے لیے گری ہوئی حرکتیں کرکے ملک کے ساتھ خطرناک کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا عمران صاحب بیرون ملک پاکستانیوں اور پاکستانی سفارت خانوں کے درمیان ٹکراؤ اور تصادم پیدا کرنے کی سازش کررہے ہیں۔ ہندوستان کے سفیروں کی تعریف اور پاکستانی سفارتکاروں پر تنقید اور حوصلہ شکنی کرکے عمران صاحب دنیا کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں؟۔