عید پر مری سمیت تمام سیاحتی مقامات بند کرنے کا فیصلہ

316

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کورونا وائرس کی تشویش ناک صورتحال کے پیش نظر اہم اقدامات کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے تحت سیاحتی مقامات کو عید پر مکمل بند کرنے کا عندیہ دے دیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے عید کی تعطیلات کے دوران مری سمیت تمام سیاحتی مقامات بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ  وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ 8 سے 16 مئی تک مری اورصوبے کے دیگر سیاحتی مقامات بند رہیں گے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یہ فیصلہ کورونا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے کیا گیا ہے جبکہ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ عید کی تعطیلات کے دوران گھرمیں رہیں ، مری یا دیگر سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں ۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہاکہ مری اور دیگر سیاحتی مقامات کی طرف جانے والے راستے 16 مئی تک بند رہیں گے، شہری کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے مری یا دیگر سیاحتی مقامات کی طرف جانے سے گریز کریں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس فیصلے کی خلاف وزری کرنے والوں کو مری یا دیگر سیاحتی مقامات میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا ، شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور حکومت کے فیصلے پر عمل کریں ۔

واضح رہے عید کی تعطیلات پر مختلف علاقوں اور مقامات سے سیاح مری اور ملحقہ تفریحی مقامات کا رخ کرتے ہیں فیملی کے ساتھ  مگر اس سال کورونا وباء کی وجہ سے ایس سی او سی اور صوبائی حکومتوں نے سخت اقدامات کرنے کا اعلان کیا ہے۔