عمران خان کے دوست مہنگائی کرکے پیسہ بنارہے ہیں،بلاول

145

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہاہے کہ ملک میں بڑھتی مہنگائی عمران خان کی عوام دشمنی کی انتہا ہے ، مافیاز کی سرپرست عمران خان کی حکومت مہنگائی کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے، کم آمدنی والے گھرانے کے لیے زندگی گزارنا ناقابل برداشت ہوتا جارہا ہے۔میڈیا سیل بلاول ہائوس سے جاری بیان میں چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ کپڑوں کی سلائی کی قیمتوں میں 4.5 فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے، عام آدمی عید کے لیے نئے کپڑے بنواتے ہوئے بھی اپنی جیب کو دیکھ رہا ہے، گھروں کے کرایوں کی مد میں 9.3 فیصد تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب عام آدمی کو خدانخواستہ سڑک پر لانے کے مترادف ہے،ایک سال میں بجلی کے بلوں کی قیمتوں میں 29 فیصد تک کا اضافہ ہوا، عمران خان کی عوام دشمنی کی انتہا ہے، عام آدمی آخر کہاں جائے؟بلاول نے کہا کہ ملک میں صرف کھانے پینے کی اشیا 15.9 فیصد تک مہنگی ہوچکی ہیں، ٹماٹر کی قیمتوں میں 67 فیصد تک اضافہ ثبوت ہے کہ عمران خان مہنگائی مافیا کے سرغنہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں عوام پس رہے ہیں، عمران خان کے سرمایہ دار دوست مہنگائی کرکے پیسہ بنارہے ہیں۔