دادو (نمائندہ جسارت) دادو شہر میں امن امان کی صورتحال ابتر ہوگئی شہر کے گنجان آبادی والے علاقے لطیف آباد کالونی سے کار شوروم مالک و کار شوروم یونین کے صدر اللہ ورایو جمالی کے گھر سے نامعلوم چور گھر کے تالے توڑ کر ڈیڑھ کروڑ روپے کی چوری کرکے فرار ہوگئے واقعے کو دو روز گزرنے کے باوجود تاحال مقدمہ درج نہیں ہوسکا ایس ایس پی دادو اعجاز شیخ اور ایس ایچ او کی نااہلی کیخلاف متاثرہ تاجر اللہ ورایو جمالی کی قیادت میں شہر کی تاجر برادری کی دادو پریس کلب پر ہنگامی پریس کانفرنس میں متاثر تاجر اللہ ورایو جمالی، اسلم لونڈ، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری دادو صدر اقبال چارن، کار شوروم یونین کے عتیق الرحمن پنہور، موٹر سائیکل شوروم یونین صدر انور لغاری، ہوٹل یونین کے رہنماء مسکین بلوچ و دیگر نے کہا کہ شہر کے گنجان آبادی کے علاقے میں پولیس پکٹ کے سامنے تاجر کے گھر سے ڈیڑھ کروڑ روپے کی چوری ہوگئی۔ پولیس کا پہلے دن سے کوئی تعاون نہیں ہے دو روز گزر گئے ہیں واقعہ کا مقدمہ تو دور این سی رپورٹ بھی درج نہیں ہوسکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایس ایس پی دادو اعجاز شیخ ملنے کے لیے بھی تیار نہیں، ایس ایچ او اب تک جائے وقوعہ پر بھی نہیں آیا۔ پولیس عوام کو تحفظ دینے کے بجائے چوروں کی یار بنی ہوئی ہے ضلع بھر میں پولیس اپنی رٹ قائم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، چور ڈاکو شہروں میں دیدہ دلیری سے کروڑوں روپے کی چوریاں اور ڈاکے ڈال رہے ہیں، ہمارے گھر کاروبار اور ہم خود محفوظ نہیں، ڈر کے مارے زندگیاں گزار رہے ہیں، اگر یہی صورتحال رہی تو ہم شہر سے اپنے تمام کاروبار بند کرکے ہجرت کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ پولیس نے تاجروں سے تعاون اور تحفظ نہیں کیا تو شہر میں تاجر کاروربار بند کرنے پر مجبور ہوجائیں گے، شہر میں کاروبار شدید مندی شکار ہوجائے گا، جس سے شہر میں بے روزگاری مزید بڑھے گی اور پھر پولیس کے لیے امن و امان کی صورتحال بحال کرنا بڑا امتحان بن جائیگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر دو روز کے اندر تاجر اللہ ورائیو جمالی کی ڈیڑھ کروڑ روپے کی ہونے والی چوری واپس نہیں کرائی گئی تو ہم 6 مئی کو شہر میں کاروبار مکمل بند کرکے شٹربند ہڑتال کے ساتھ انڈس ہائی وے دادو کو بند کردیں گے۔