مہنگائی کی ذمے دار حکومت ہے ،معیشت تباہ کردی‘ شہباز شریف

133

لاہور (نمائندہ جسارت) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکمران عوام پر ترس کھائیں‘ چینی کے لیے قطار میں کھڑی مائوں بہنوں کو توہین آمیز سلوک سے نجات دلائیں۔ ارکان پارلیمان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آٹا، چینی نہ لوٹا جاتا تو آج قوم کو دھکے نہ کھانے پڑتے۔ خیبر پختونخوا کی مثال دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہاں لوگ قطاروں میں کھڑے ہوتے ہیں لیکن آٹا نہیں مل رہا۔ انہوں نے سوال کیا کہ عوام کو عزت ایسے دی جاتی ہے؟ شہباز شریف نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کی ذمے دار موجودہ حکومت ہے‘ معیشت کی تباہی کے باوجود حکومت کو احساس تک نہیں کہ کتنا نقصان ہوچکا ہے‘ مہنگائی کا غصہ ضلعی انتظامیہ کی خاتون افسر پر نکالنا قابل مذمت ہے۔