لاہور: پاکستان مسلم لیگ(ن)پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ خان نے کہا ہے کہ قوم کو الیکڑانک ووٹنگ مشین کی نہیں، ڈالر بنانے والی علیمہ باجی کی سلائی مشین کی ضرورت ہے عوام بے روزگار ہے۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری اور بابر اعوان کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سلیکٹڈ نے عوام کو ریلیف نہیں دینا کیونکہ انھوں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے ووٹ لینے ہیں عوام سے نہیں جھوٹے نیازی اور کرائے کے ترجمانوں کی مہنگائی پر پریس کانفرنس کرتے زبان جلتی ہے عوام ہائے آٹا، ہائے مہنگائی، ہائے بیروزگاری چیخ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت الیکڑانک ووٹنگ مشین بیچ رہی ہے، عمران نیازی الیکڑانک ووٹنگ مشین سے اپنی دیہاڑی لگانا چاہتا ہے، اسے مزدور کی دیہاڑی کی فکر نہیں عمران نیازی کی بیرون ملک پاکستانیوں کے ووٹوں پر نہیں بلکہ ان کے نوٹوں پر نظر ہے ووٹ چوری کے مجرموں کا انتخابی اصلاحات کرنا قاتل کو جج بنانے کے مترادف ہے جب شہباز شریف ان سے انتخابی، پارلیمانی اور معاشی اصلاحات کی بات کر رہا تھا تو کہتے تھے کہ این آر او مانگ رہا ہے۔
رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ شہباز شریف کو دوبار ناحق گرفتار کیا، پوری مسلم لیگ(ن)کو سزائے موت کی چکیوں میں رکھا، عدالتوں سے میرٹ پر انہیں ضمانت مل گئی اور یہ ثبوت نہ ہونے پر عدالتوں سے بھاگ گئے ہیں، تو اب اپوزیشن ان کے ساتھ بیٹھے؟میثاق معیشت کی بات کی تو این آر او؟ فیٹف میں ان سے تعاون کیا تو این آر او؟ اب انتخابی اصلاحات کے فراڈ پر اکیلے بیٹھ کر رو۔