لاہور(صباح نیوز) مسلم لیگ(ن )کے نائب صدراورپنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ حکومت روزے داروں کی بد دعائوں سے بچنے کے لیے ہنگامی اقدامات کرے۔ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ رحمتوں اور برکتوں کے مہینے میں بھی حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہے۔انہوں نے کہا کہ سستے بازاروں کے نام پر غیر معیاری اشیا کی مہنگے داموں فروخت روزے داروں سے سنگین مذاق ہے۔انہوںنے کہا کہ پورے پاکستان بالخصوص پنجاب میں افراتفری مچی ہوئی ہے،عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، مہنگائی کی تلوار سے عوام کا قتل عام جاری ہے اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔انہوںنے کہا کہ ماہ مقدس کے دوران سبزی، پھل اور اشیائے خورو نوش کی قلت اور مہنگے داموں ان کی فروخت عوام پر ظلم ہے،عمران نیازی لیکچر بند کر کے ایسے اقدامات کریں جن سے مہنگائی کے ستائے عوام کو ریلیف مل سکے۔