حکومت کی پالیسیاں ملکی سالمیت کیلئے کورونا سے زیادہ خطرناک ہیں،سراج الحق

385
لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق منصورہ میں مرکزی نظم کے خصوصی اجلاس سے خطاب کررہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت) امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم نمائشی اقدامات اور دوروں کے بجائے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں‘ موجودہ حکومت کی پالیسیاں ملکی سالمیت کے لیے تشویشناک اورکورونا سے زیادہ خطرناک ہیں‘ کشمیر کے حوالے سے سودے بازی اور قومی موقف سے انحراف ناقابل قبول ہوگا‘ قوم کشمیر پر حکمرانوں کی طرف سے صدی کے سب سے بڑے یوٹرن کو ناکام بنادے گی‘ حکومت یورپی پارلیمنٹ کی قرارداد کو فوری طور پر مسترد کرے۔ نبی اکرمؐ کی شان میں گستاخی کرنے والے کو قانون کے مطابق سزا پر عمل درآمد کو جلد یقینی بنایا جائے‘ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا۔ جس میں اقلیتوں سمیت ہر طبقہ کو بنیادی حقوق حاصل ہیں۔ وقف املاک قانون پر تمام مکتبہ کو فکر اور سخت تحفظات ہیں‘ جلد مشاورت کے بعد حکمت عملی ترتیب دیں گے۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے منصورہ میں مرکزی نظم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، شیخ القرآن والحدیث مولانا عبدالمالک، پروفیسر محمد ابراہیم، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، اظہر اقبال حسن، حافظ ساجد انور، میاں مقصود احمد، نذیراحمد جنجوعہ، قیصر شریف شریک تھے۔ اجلاس تقریباً تین گھنٹے جاری رہا۔ جس میں کشمیر کے حوالے سے حکومتی پالیسی، یورپی یونین کی طرف سے قرارداد، وقف املاک کے قانون اور نصاب میں تبدیلی کے مسئلے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اور آئندہ حکمت عملی کے حوالے سے غورکیا گیا۔ سراج الحق نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ کشمیر کے حوالے سے قومی مؤقف پر کسی قسم کی پسپائی کی اجازت نہیں دیں گے۔ مدینہ کی ریاست بنانے کے دعوے دار نہ جانے کسی طرف چل پڑے۔ یکساں نصاب تعلیم کی آڑ میں مغرب کے ایجنڈے پر عمل درآمد کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں جس نصاب کو نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے اگر وہ اسلامی تعلیمات کے مطابق نہ ہوا تو پھر پور مذمت کے ذریعے اسے واپس لینے پر مجبور کر دیں گے۔ نصاب تعلیم کی تیاری میں نظریاتی ذہن رکھنے والے ماہرین تعلیم اور علماکو شامل کیا جائے۔ این جی اوز کے کہنے پر اقلیت کو خوش کرنے کے لیے اکثریت کا گلا گھونٹنا جمہوریت ہے نہ دانشمندی۔ لوگ اپنے بچوں کو سیرت النبیؐ اور اسلامی تعلیمات سے روشناس کرانا چاہتے ہیں۔ سپریم کورٹ سے اپیل کرتے ہیں کہ نصاب تعلیم سے متعلق فیصلے میں اسلامیان پاکستان کی اکثریت کے جذبات کا خیال رکھا جائے۔ سراج الحق نے کہا کہ ضرورت اس امر کی تھی ہماری حکومت فوری طور یورپی یونین کی قرار داد کو مسترد کرتے ہوئے۔ اس کو اپنے ملک میں مداخلت قرار دیتی لیکن تاحال اس حوالے سے خاموشی نظر آتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جلد وقف املاک قانون، نصاب تعلیم میں تبدیلی کے حوالے سے اپنی آئندہ کی حکمت عملی کا اعلان کریں گے ۔ سراج الحق نے کہا کہ حکومت تاحال عوام سے کئے گئے وعدوں میں سے کوئی ایک وعدہ پورا کرنے سے بھی قاصر نظر آتی ہے ۔ فوری طورپر مہنگائی میں عوام کو ریلیف دیا جائے ۔ نوجوانوں کے لیے روزگار کا اہتمام کیا جائے اور کورونا کے حوالے سے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ عوام کو کچھ ریلیف ملے ۔عوام آج بھی سخت حالات کے باجود رمضان المبارک بابرکت گھڑیوں میں حکومت کی طرف سے مثبت اقدامات کا انتظارکر رہے ہیں ۔