لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کورونا کے حوالے سے کسی بھی بڑی آزمائش سے بچنے کے لیے آکسیجن کی سپلائی کا مؤثر انتظام کرے۔ ویکسی نیشن کے عمل سے جلد از جلد گزرے بغیر کوئی چارہ نہیں۔ اس وبا پر قابو پانے اور متاثرہ افراد کو ریلیف دینے سے متعلق حکومت کے تاحال اقدامات غیر مؤثر اور ناکافی ہیں۔ حکومتی وسائل کو بروئے کار لا کر ملک بھر میں مفت ویکسی نیشن اب بھی بہت دشوار اور طویل مرحلہ محسوس ہوتی ہے۔ ہیلتھ کے حوالے سے کام کرنے والی این جی اوز کو اعتماد میں لے کر عوام کے لیے اس آزمائش میں آسانیاں پیدا کی جا سکتی ہیں۔ الخدمت فائونڈیشن نے گزشتہ ایک سال میں کورونا وبا کے دوران قوم کی بھرپور خدمت کر کے ایک مثال قائم کی۔ الخدمت فائونڈیشن کے رضاکار اور جماعت اسلامی کے کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے ہیڈآفس خیابان جناح روڈ نزد گلشن لاہورکے دورے کے موقع پر کیا۔ صدر الخدمت فائونڈیشن پاکستان محمد عبدالشکور، سیکرٹری جنرل شاہد اقبال، ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، ڈاکٹر حفیظ الرحمن اور دیگر ذمے داران نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا بھرپور استقبال کیا۔ ہیڈآفس کے تفصیلی دورے کے بعد سالانہ رپورٹ اور الخدمت کے پلیٹ فارم سے ہونے والی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، ڈپٹی سیکرٹری اظہر اقبال حسن، محمد اصغر، ڈائریکٹر فارن آفیئر آصف لقمان قاضی بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان اس وقت ترقی پذیر اور ترقی یافتہ ممالک میں ویکسی نیشن کے حوالے سے سب سے پیچھے ہے جو کہ باعث تشویش ہے۔ ویکسی نیشن کا عمل صاف ستھرا ہے، لیکن بہت سست روی کا شکار ہے۔ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد ابھی ملک میں ایک فیصد سے بھی کم ہے۔ حکومت فوری طور پر ہنگامی بنیاد پر کورونا وبا میں درپیش چیلنجز کا ادراک کرتے ہوئے مؤثر منصوبہ بندی کرے۔ اس موقع پر سراج الحق نے تجاویز دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان ہیلتھ کی این جی اوز کو غیر تجارتی بنیاد پر ویکسین درآمد کرنے کی اجازت فراہم کریں۔ ان سے خالصتاً انسانی مدد کی بنیاد پر کام لینے کا پروگرام بنائیں۔ پرائیویٹ اور سرکاری تعلیمی اداروں اور ایسے کاروبار جو کورونا کے باعث بند ہیں کو غیر تجارتی بنیاد پر ویکسین فراہم کی جائے۔ ادارے اپنے تمام اسٹاف کی ویکسی نیشن مکمل کریں تاکہ یہ ادارے جلد از جلد اپنی سرگرمیوں کو بحال کر سکیں۔انھوں نے دوبارہ جماعت اسلامی کی طرف سے اس پیش کش کو دہرایا کہ ملک بھر میں الخدمت فائونڈیشن اور جماعت اسلامی کے زیر انتظام اسپتال، ایمبولینسز، لیبارٹریز اس مشکل وقت میں حکومت کے ساتھ مل کر قوم کی خدمت کرنے کے لیے تیار ہیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ فوری طور پر آکسیجن سلنڈر، پلز آکسی میٹر، آکسیجن جنریٹر سپلائیر کی فراہمی کا مؤثر انتظام کرے اور ہنگامی بنیاد پراسپتالوں اور گھروں میں جہاں کورونا مریضوں کو ضرورت پیش آتی ہے ، فراہمی کو ممکن بنائے۔ اس موقع پر کورونا وبا میں فرنٹ لائن پر کام کرتے ہوئے شہادت پانے والے ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور فلاحی اداروں کے ساتھ کام کرنے والے کارکنان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔ اس مشکل وقت میں سہولیات نہ ہونے کے باوجود کام کرنے والے ورکرز، میڈیکل اسٹاف اورادارے قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔جن افراد اور اداروں نے قوم کی خدمت میں اپنا کردار ادا کیا ان کو مبارک باد دیتا ہوں اور وہ سب قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔ آخر میں الخدمت فائونڈیشن کے صدر محمد عبدالشکور نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور مرکزی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ الخدمت فائونڈیشن آزمائش کی اس گھڑی میں قوم کی خدمت جاری رکھے گی۔ دریں اثنا امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ایکسپوسینٹر لاہور میں کوروناسے بچائو کے لیے ویکسی نیشن کی دوسری ڈوز لگوائی۔