کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے بے نظیرمزدورکارڈ کا اجرا کردیا‘ وزیراعلیٰ ہاؤس میں بے نظیرمزدورکارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ بینظیر مزدور کارڈ کے ذریعے صنعتوں میں کام کرنے والے مزدور رجسٹرڈ ہوسکیں گے‘ بینظیر مزدور کارڈ سے مزدوروں کو صحت اور تعلیم جیسی سہولتیں مل سکیں گی‘ جنرل ضیا نے ورکرز کے حقوق چھینے ، مظالم کیے‘ محترمہ بے نظیر نے اپنے دور میں تمام چھینے گئے حقوق واپس مزدوروں کو دلائے۔ بلاول زرداری نے کہا کہ سندھ کا ڈومیسائل رکھنے والوں کو بے نظیرمزدورکارڈ دیں گے‘
گزشتہ ڈھائی سال میں لاکھوں افراد بیروزگار اور غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیے گئے‘ سلیکٹڈ حکومت نے صرف بیروزگاری اور غربت کو بڑھایا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہائوس سے جاری بیان میں چیئرمین پی پی نے کہا کہ کٹھ پتلی وزیراعظم کی زیرِ قیادت سلیکٹڈ حکومت ملک کے محنت کش طبقے کے لیے تباہی ثابت ہوئی‘ بھٹو شہید نے مزدوروں کو حقوق دلوائے‘ ای او بی آئی سمیت تمام منصوبے شہید بھٹونے دیے‘ آج ملک میں تاریخی مہنگائی اوربے روزگاری ہے‘ نااہل حکومت نے آئی ایم ایف سے ڈیل میں عوامی مفاد کو سامنے نہیں رکھا‘ آج لیبرڈے پر ہم نے مزدورکارڈ جاری کرکے اپنے منشور پر عمل کیا‘ سندھ کا ڈومیسائل رکھنے والوں کو بینظیرمزدورکارڈ دیں گے‘ مزدوروں کو اپنے آپ کو رجسٹر ڈ کرانا چاہیے‘ ایجوکیشن اور ہیلتھ کی سہولیات محنت کشوں کا حق ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں کہ بے نظیر مزدور کارڈ کا اجرا وزیراعلیٰ ہائوس سندھ سے کردیا گیا ہے‘ یہ کارڈ تمام مزدوروں تک پہنچے گا‘ ہم نے تمام صوبوں سے پہلے لیبر قوانین بنائے ہیں‘ 18 ویں ترمیم کے پیچھے جو سوچ تھی‘ اُس پر عمل نہیں ہوسکا۔ وزیر محنت سندھ سعید غنی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہید بے نظیر کا خواب تھا کہ مزدورں کو فلاحی کارڈ جاری کیے جائیں۔ ممتاز صنعت کار زبیر موتی والا نے کہا کہ سندھ حکومت نے صنعتکاروں اور ملازمین میں اچھے ورکنگ تعلقات قائم کیے ہیں۔