نوجوان وزیراعظم کا اولین ترجیحیٰ شعبہ ہے ،اسد عمر

206

اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ نوجوان وزیر اعظم کا اولین ترجیحی شعبہ ہے اور موجودہ حکومت ان کی ترقی اور بااختیار بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔اسد عمر کی زیر صدارت وزیراعظم کے کامیاب جوان پروگرام کے تحت شروع کیے گئے اقدامات ، قومی پیشہ ورانہ اور تکنیکی تعلیم کمیشن اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے اسلام آباد میں ہونےوالے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گزشتہ روزاجلاس میں یوتھ افیئرز سے متعلق وزیراعظم کے مشیر عثمان ڈار ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ، چیئرمین نیوٹیک، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی اور سینئر سرکاری عہدیداران نے شرکت کی۔اسد عمر کو کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کی ترقی کے لیے کیے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ عثمان ڈار نے بتایا کہ کامیا ب جوان کی یوتھ انٹرپرینیورشپ اسکیم (YES) کے ذریعے مالی کاروباری اداروں تک رسائی حاصل کرکے نوجوان کاروباری افراد نے 10,000کاروبار قائم کیے ہیں،8ارب روپے پہلے ہی تقسیم کیے جاچکے ہیں جبکہ مزید20ارب روپے جون 2021 ء تک تقسیم کیے جائیں گے۔ چیئرمین نیو ٹیک نے بریفنگ دی کہ 30,000 سے زیادہ طلبہ کو روایتی ہائی ٹیک شعبوں میں کامیا ب جوان کے ہنر برائے آل پروگرام کے تحت پیشہ ورانہ تربیت دی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 10ارب ڈالر کے ہنر کے تمام منصوبوں کا مقصد پاکستان میں ٹی وی ای ٹی سیکٹر کی بحالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے 14 اجزا 75 ہائی ٹیک ہنر مراکز ، قومی روزگار تبادلہ ٹول ، بزنس انکیوبیشن مراکز ،اساتذہ کی صلاحیت کو اپ گریڈیشن وغیرہ ہیں۔اسد عمر نے ہدایت کی کہ تربیت یافتہ طلبہ کی ملازمت کو ہمارے نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت اور مہارت فراہم کرنے کے لیے سب سے زیادہ غور کرنے کی ضرورت ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی نے بتایا کہ انہوں نے ملک بھر کی مختلف یونیورسٹیوں میں12 کامیاب جوان اسپورٹس اکیڈمیوں کے قیام کا منصوبہ بنایا ہے،ایچ ای سی نے ماحولیات کے تحفظ و صفائی ستھرائی کے لیے نوجوانوں کو متحرک کرنے کے لیے مختلف یونیورسٹیوں میں گرین کلب بنانے کے لیے گرین یوتھ موومنٹ پروجیکٹ کا بھی منصوبہ پیش کیا۔