اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر+ آن لائن) عدالت عظمیٰ نے ہری پور سیمنٹ فیکٹری کے قیام کیلیے زمین کے حصول پر وفاقی اور صوبائی حکومت سے جواب طلب کرلیا۔ جمعرات کو جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ خیبرپختونخوا حکومت کے وکیل نے دلائل دیے کہ دیا میر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلیے سیمنٹ فیکٹری لگائی جا رہی ہے، سیمنٹ فیکٹری کے قیام کی فزیبیلیٹی رپورٹ ایف ڈبلیو او نے تیار کی ہے تاہم یہ بات درست نہیں کہ سیمنٹ فیکٹری کیلیے زمین ایف ڈبلیو او نے حاصل کی، زمین حاصل کرنے کا جو طریقہ ہے وہی اختیار کیا گیا ہے۔ جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ درخواست گزار کا الزام ہے کہ زمین طریقہ کار کے مطابق نہیں لی گئی۔ وفاقی اور صوبائی حکومت بتائے سیمنٹ فیکٹری کیلیے زمین کے حصول کا طریقہ کار کیا ہے؟۔ عدالت نے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت عید کے بعد تک ملتوی کردی۔ علاوہ ازیں عدالت عظمیٰ نے سپریم اپلیٹ کورٹ گلگت بلتستان میں غیر قانونی بھرتیوں کیخلاف دائر درخواست پر سماعت ایک ماہ کیلیے ملتوی کرتے ہوئے گلگت بلتستان بار کونسل کی جانب سے دائر درخواست علیحدہ کرکے عید کے بعد سماعت کیلیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت عظمیٰ نے رجسٹرار سپریم اپلیٹ کورٹ گلگت بلتستان کے جواب کو منظور کرتے ہوئے رجسٹرار اپیلٹ کورٹ گلگت بلتستان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی نمٹا دی ہے۔