لاڑکانہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کرپشن، 19 ملزمان پر فرد جرم عاید

274

 

سکھر (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں کرپشن کا معاملہ، 19 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی گئی، احتساب عدالت سکھر کے جج فرید انور قاضی نے ملزمان پر فرد جرم عاید کی، ملزمان کا صحت جرم سے انکار کر دیا، ملزمان پر 11 کروڑ 15 لاکھ کا ریفرنس دائر ہے، ملزمان میں ایل ڈی اے کے افسران اور ٹھیکیدار اور اصغر عباس شیخ،نور نبی ،محمد عامر اور دیگر شامل ہیں، عدالت نے سماعت 18 مئی تک ملتوی کردی۔علاوہ ازیںسندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے پیپلزپارٹی کے ایم پی اے نعیم کھرل کے خلاف زمین پر قبضے کے خلاف دائرپٹیشن کو قابل سماعت قرار دے دیا ، عدالت نے فریقین کو 18 مئی کو طلب کرلیا ہے۔ خیرپور کی تحصیل گمبٹ کے مکین ایف بی آر کے ایک ریٹائرڈ ملازم سکندر علی نے اپنے وکیل سکندر جونیجو کی معرفت علاقے کے ایم پی اے نعیم احمد کھرل، سیکرٹری داخلہ سندھ ،آر پی او سکھر ،ڈی آئی جی سکھر ،ڈپٹی کمشنر خیرپور اور ایس ایس پی خیرپور سمیت دیگر کے خلاف ایک آئینی پٹیشن دائر کی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیاہے کہ ایم پی اے نے پولیس کی مدد سے اس کی زمین پر قبضہ کررکھا ہے اور اسے سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں ۔