چمن: پولیس موبائل کے قریب دھماکا، اہلکار شہید، 5زخمی

440

کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے قلعہ عبداللہ میں پولیس وین کے قریب دھماکے سے ایک پولیس اہلکار شہید اور 5 افراد زخمی ہوگئے جبکہ زخمیوں میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق شمال مغربی بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللّٰہ کے شہر چمن کے بازار میں پولیس موبائل کے قریب بم دھماکا ہواہےجس کے نتیجے میں 1 پولیس اہلکار شہید جبکہ 5 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق پولیس موبائل کے قریب بم دھماکا کوئٹہ چمن قومی شاہراہ پر کھڑی موٹر سائیکل میں ہوا ہے اور دھماکے سے پولیس موبائل سمیت کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ دھماکے کے بعد کوئٹہ چمن شاہراہ پر آمدورفت بھی معطل ہو گئی ہے۔

دھماکا ہوتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکار دھماکے کی جگہ پہنچ گئے، جنہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ ریسکیو اداروں کی ایمبولینسیں اور عملہ بھی دھماکے کے مقام پر پہنچ گئی اور امدادی کام شروع کر دیئے، شہید اہلکار کی لاش اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے سے پولیس وین مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے جبکہ دھماکہ خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا، تاہم پولیس نے شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیئے ہیں۔

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان آج کوئٹہ کے ایک روزہ دورے پر پہنچ گئے ہیں ، جہاں وہ ڈیرہ مراد جمالی بائی پاس اور زیارت سنجاوی روڈ منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور  وزیراعلیٰ بلوچستان، گورنر، اتحادی جماعت اور متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔