لاڑکانہ، محمد ہاشم کنبھر کے قاتلوں کو گرفتار کرنے میں پولیس ناکام

178

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) چار روز قبل مسلح افراد کی فائرنگ سے قتل ہونے والے پرائمری استاد محمد ہاشم کنبھر کے قاتلوں کو گرفتار کرنے میں پولیس مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے جبکہ اساتذہ تنظیم پ ٹ الف اور کنبھر اتحاد نے اے ایس پی سے ملاقات کرکے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے بصورت دیگر احتجاجی تحریک چلائی جائے گی، اس سلسلے میں گزشتہ روز اساتذہ تنظیم پ ٹ الف لاڑکانہ کے صدر ارشاد تونیو، تحصیل صدر اشفاق دھامراہ، حاکم علی میرانی، محمد علی ابڑو، نصیر محمد مغیری، علی گل چانڈیو، محمد جعفر ناریجو، کنبھر اتحاد ضلع لاڑکانہ کے صدر محمد بخش کنبھر، غلام فرید کنبھر و دیگر نے اے ایس پی احمد فیصل چودھری سے ملاقات کرکے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرکے مقتول کے ورثاء کو انصاف فراہم کیا جائے بصورت دیگر اساتذہ اور کنبھر برادری کی جانب سے احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔ قمبر کے قریب تھانہ مہی مکول کی حدود میں پیسوں کے لین دین کے معاملے پر جھگڑا ہوا جہاں کلہاڑیوں، ڈنڈوں اور لاٹھیوں کے وار سے خاتون سمیت 15 افراد محمد صالح، نواز، بشیر، منٹھار، امجد، غفار، صحبت، معشوق، رسید، مجاہد، شاہنواز، عنایت، عابد علی اور انور خاتون شدید زخمی ہوئے جنہیں ورثاء کی جانب سے زخمی حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔