یتیم بچے ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں ،سید علی مردان شاہ

140

بدین(نمائندہ جسارت)بدین میں الخدمت فائونڈیشن کی جانب سے عالمی دن یوم یتامی کے موقع پر آرفن سپورٹ پروگرام کے تحت تقریب کا اہتمام کیا گیا جبکہ کورونا وائرس کے متعلق تقریب انتہائی سادگی سے منائی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت فائونڈیشن ضلع بدین کے سرپرست اعلیٰ جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر سیدعلی مردان شاہ نے کہا کہ یتیم بچے معاشرے کا حصہ ہیں ملک بھر میں لاکھوں طلبہ و طالبات یتیم ہیں الخدمت فائونڈیشن نے یتیم بچوں کا بیڑا اپنے سر پر اٹھارکھا ہے ،یتیم بچوں کی رفاقت کرنا رفاقت رسول ﷺاور جنت کا حصول بھی ہے ۔انہوں مزید کہا کہ الخدمت فائونڈیشن ملک بھر میں عوام کی پہچان بن چکی ہے اور ایشیا کی لسٹ میں شامل ہے ۔الخدمت فائونڈیشن بلاتفریق انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے اورخدمت خلق عبادت سمجھ کر کی جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یتیم بچے تنہا نہیں ہم ہر مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں مزید کہا کہ 15 رمضان المبارک کو ملک بھر میں یتیم بچوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے اور الخدمت فائونڈیشن کی جانب سے ضلع بھر کے یتیم بچوں کے لیے تقریب کا انعقاد کیا جاتا ہے جس کا مقصد بچوں میں بیداری پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کے یتیم بچوں کے لیے تعلیم کے دروازے بند کردیے گئے ہیں امیر لوگوں کے بچے بیرون ممالک میں تعلیم حاصل کرتے ہیں لیکن غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے بچے اپنے ہی شہر میں تعلیم حاصل کر نے پر مجبور ہیں ۔اس موقع پر الخدمت فائونڈیشن ضلع بدین کے صدر عبداللطیف کھوسہ ،جنرل سیکرٹری ایازلطیف سومرو آرفن سپورٹ پروگرام کے ایف ایس او عبدالشکور شاکر ہیلپنگ ہینڈ کے ڈسٹرکٹ پروگرام منیجر وحید احمد آرائیں و دیگر بھی موجود تھے۔