پشاور: ملک بھر میں کورونا وائرس کا حملہ جاری ہے، پشاور پولیس نے کورونا وائرس کے نافذ العمل ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا کیخلاف مقدمہ درج کرلیا جبکہ ضلعی انتظامیہ نے خبر پر فوری نوٹس لیتے ہوئے اس ریسٹورنٹ کو سیل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا کارکنوں کے ہمراہ افطارپارٹی میں شریک ہوئے، افطار پارٹی پشاور کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی تھی جبکہ اس موقع پر پارٹی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیرصحت تیمور سلیم جھگڑا ، ہوٹل مالک اور منیجر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ہوٹل کو بھی سیل کردیا گیا ہے۔
خیال رہے سوشل میڈیا پر افطار پارٹی کی وائرل ہونے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خود صوبائی وزیر صحت بھی ماسک کے بغیر موجود ہیں جبکہ ان کے ارد گرد بیٹھے افراد کی اکثریت بھی ماسک کے بغیر موجود ہے۔
دوسری جانب ہوٹل انتظامیہ کا کہناہےکہ ہم نے وزیر صحت کو منع کیا کہ ریسٹورنٹ کے اندر کھانا کھلانے پر پابندی ہے لیکن انہوں کی طرف سے ہمیں صرف ریسٹورنٹ کھولنے کی درخواست کی گئی تھی جبکہ پی ٹی آئی رہنما اپنے ساتھ باورچی اور کھانے کا سامنا خود لےکر آئے تھے۔
واضح رہے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا سمیت حجرہ ریسٹورنٹ کے منیجر اور مالک کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس نے ایپیڈیمک کنٹرول ایکٹ کے دفعہ 17 کی تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور اس قانون کے تحت کسی بھی وبا کے دوران زیادہ تعداد میں لوگوں کو جمع کرنے کی خلاف ورزی سے متعلق ہے جبکہ اس قانون کے تحت مجرمان کو دو ماہ قید یا پچاس ہزار روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جاسکتی ہیں۔
پشاور کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کوئی بھی قانونی سے بالاتر نہیں، حکومتی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ پشاور بلاتفریق کارروائیاں کررہی ہے۔
یاد رہے صوبائی وزیر تیمور جھگڑا کیلیے یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ وہ خلاف ورزی کے مبینہ طور پر مرتکب پائے گئے ہیں، اس سال جنوری میں بھی ان پر اسی قسم کا الزام عائد کیا گیا تھا جبکہ اس کے بعد ان کے خلاف کوئی کارروائی ہوئی واضح نہیں۔