لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ سمیت گردونواح کے علاقوں میں کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے بعد سندھ حکومت کی جانب سے لاڑکانہ، قنبر شہدادکوٹ سمیت دیگر اضلاع میں فوج بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ لاڑکانہ اور قنبر شہدادکوٹ میں پنوعاقل چھائونی سے فوجی افسران و جوان متعلقہ اضلاع میں پہنچ گئے، تاہم ضلعی انتظامیہ سے مشورے کے بعد فوج کی ڈیپلائمنٹ کردی جائے گی، لاڑکانہ کووڈ آئی سی یو میں 19 مریض حساس نوعیت کے زیر علاج ہیں جبکہ آئی سی یو میں 25 مریضوں کے علاج کی گنجائش موجود ہے۔ دوسری جانب حکومت سندھ کی جانب سے ہفتہ اور اتوار کے روز کاروبار بند کروانے کے فیصلے کے باوجود لاڑکانہ میں اہم کاروباری مراکز اور خریداری مراکز کھلے رہے، جہاں مرد، خواتین اور بچوں کا رش رہا، جنہوں نے بلا خوف و خطر کورونا ایس او پیز کو نظرانداز کرکے خریداری میں مصروف دکھائی دیے۔