شہباز شریف کا ملک میں آکسیجن کی قلت پر اظہار تشویش

137

لاہور (آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ملک میں آکسیجن کی قلت میں اضافے اور کورونا صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو بھارت جیسی بدقسمتی سے بچانے کے لیے تمام فریقین کی مشاورت سے جامع ہنگامی حکمت عملی مرتب کی جائے ،وائرس کی نئی اقسام اور اس کے مہلک اثرات سے عوام کو بچانے کے لیے حکمت عملی کو بہتر
بنانے پر توجہ دی جائے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں ڈینگی وبا سے نمٹنے کے لیے وضع کی گئی کامیاب حکمت عملی کا ماڈل استعمال کیا جاسکتا ہے، حکومت عوام الناس کی حفاظت کے لیے ویکسین کی فراہمی کے عمل کو تیز کرے، نجی شعبے کی مدد لی جاسکتی ہے ،کورونا کے موجودہ مرحلے میں مزید کسی قسم کا ابہام، شش وپنج یا لیت ولعل ہلاکت خیز غلطی ثابت ہوگی، گزشتہ ماہ و سال کے تجربات کا یہی نتیجہ سامنے آیا ہے کہ کورونا پر قابو پانے کا واحد راستہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو جلد از جلد ویکسین لگانا ہے ،یہ مجرمانہ غفلت ہے کہ حکومت نے مطلوبہ مقدار میں ویکسین کی خریداری کے لیے بروقت اقدامات نہیں کیے، اس مجرمانہ غفلت کے نتیجے میں کورونا آج اس حد تک ملک میں پھیل گیا ہے ۔