وزیراعظم بجلی مہنگی کرنے کے بجائے شاہانہ خرچے کم کریں،بلاول

323

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے بجلی اور گیس کے مہنگے بلوں کے معاملے پر پی ٹی آئی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم گیس اور بجلی کے نرخوں میں مسلسل اضافہ کرکے غریب آدمی پر معاشی بم گرانے کے بجائے اپنی جہازی سائز کابینہ کے شاہانہ خرچے کم کریں، آئی ایم ایف نے عمران خان کو بجلی کے بل بڑھانے کی ہدایت کی اور پی ٹی آئی حکومت نے بجلی مہنگی کرنے کا آرڈیننس جاری کردیا، وزیراعظم صاحب، بجلی اور گیس مہنگا کرنے کی ذمے دار پچھلی حکومتیں نہیں بلکہ آپ خود ہیں۔میڈیا سیل بلاول ہائوس سے جاری بیان میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے کہاکہ عمران خان نے آئی ایم ایف کی ہدایات پر پاکستانی معیشت کو چلاکر ملکی وقار کا ملیامیٹ کردیا ہے، پاکستان کے عوام اپنے بجلی اور گیس کے مہنگے بلوں کے ذریعے عمران خان کی آئی ایم ایف ڈیل میں نااہلی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں،مہنگی بجلی کے صدارتی آرڈیننس اور نیپرا ایکٹ میں ترمیم کے بعد عمران خان عوام کی جیبوں سے 700 ارب روپے سے زاید نکالنے کا منصوبہ بناچکے ہیں،عمران خان کو اپنی جس کارکردگی پر فخر ہوچکا ہے، عوام ہاتھوں میں بجلی اور گیس کے مہنگے بل لیے اس کارکردگی کو ڈھونڈ رہے ہیں۔ بلاول زرداری نے کہاکہ 8 روپے فی یونٹ پر بجلی کا بل پھاڑدینے والے عمران خان 21 روپے فی یونٹ تک بجلی مہنگی کرکے اپنی کارکردگی کے گن گارہے ہیں۔