معاملہ سلجھانے کیلئے پیپلزپارٹی کو ایک قدم پیچھے ہٹنا ہوگا،فضل الرحمن کا زرداری کو پیغام

197

اسلام آباد ( آن لائن)پاکستان ڈیموکریٹک کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے سابق صدرمملکت آصف علی زرداری کے معتمد خاص کے درمیان متعدد ملاقاتوں کا انکشاف ہوا ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے ایک بار پھر پیپلز پارٹی کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر پیچھے ہٹنے کا مطالبہ کر دیا۔ذرائع نے بتایا کہ زرداری کے معتمد خاص سینیٹر قیوم سومرو نے گزشتہ روز 3 بار مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی اور انہیں زرداری کا پیغام پہنچایا، ملاقاتوں میں پی ڈی ایم کے مستقبل اور پیپلز پارٹی ن لیگ اختلافات پر تفصیلی بات چیت ہوئی جبکہ سینیٹر قیوم سومرو نے زرداری کی جانب سے تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے آگے بڑھنے کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ پی ڈی ایم سینیٹ میں یوسف رضا گیلانی کو اپوزیشن لیڈر تسلیم کریں اور مقاصد کے حصول کے لیے پی ڈی ایم آ گے بڑھے۔ ذرائع نے بتایا کہ فضل الرحمن سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر پی پی کے اقدام پر سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ جے یو آئی اور مسلم لیگ (ن) اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر کبھی آمادہ نہیں ہو سکتے۔فضل الرحمن نے واضح دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پیپلز پارٹی کو پی ڈی ایم کے ان فیصلوں کو خم تسلیم کرنا ہوگا جس میں وہ خود شامل تھی ۔ ذرائع نے بتایا کہپی ڈی ایم سربراہ نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ پیپلز پارٹی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر پیچھے ہٹ جائے تو بات بن سکتی ہے، تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں ،پیپلز پارٹی کو ایک قدم پیچھے ہٹنا پڑے گا، اس پر سینیٹر قیوم سومرو نے کہا کہ آپ کا پیغام زرداری تک پہنچا دوں گا ۔