دھابیجی (نمائندہ جسارت) ایم ڈی واٹر بورڈ انتظامیہ کی نااہلی، ادارے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے ٹھٹھہ آؤٹ اسٹیشن کے ملازمین گزشتہ کئی سال سے بنیادی حقوق سے محروم، متاثرہ ملازمین نے منگل کے روز پمپنگ اسٹیشن پر انتظامیہ کیخلاف احتجاج کرنے کا اعلان کردیا۔ واٹر بورڈ انتظامیہ کی ناقص پالیسیوں اور لاپروائی کے باعث آؤٹ اسٹیشن ضلع ٹھٹھہ کے ملازمین گزشتہ کئی سال سے علاج معالجے سمیت دیگر بنیادی حقوق سے محروم ہیں جس کیخلاف دھابیجی تا چلیا آؤٹ اسٹیشن ملازمین نے منگل کے روز ایم ڈی واٹربورڈ کے خلاف دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے مین گیٹ پر احتجاج اور دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔ واٹربورڈ آؤٹ اسٹیشن کے مزدور لیڈر معشوق حسین لغاری، رستم خان کاتیار ودیگر کا کہنا ہے کہ ایم ڈی واٹر بورڈ کی ناقص کارکردگی کے باعث آؤٹ اسٹیشن ملازمین اپنے ذاتی فنڈ، سپلیمنٹری بل اوور ٹائم، LPR، پنشن، گروپ انشورنس وغیرہ کے حصول جبکہ ریٹائرڈ ضعیف بزرگ، خواتین پنشن کے لیے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں جن کی کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے۔ حالانکہ سندھ حکومت کی جانب سے 56 کروڑ روپے پنشن کی مد میں واٹربورڈ کو جاری کیے گئے تھے۔ جسے انتظامیہ نے اقرباء پروری اور سفارش پر تقسیم کردیا لیکن اس میں سے آؤٹ اسٹیشن کے کسی ملازم کو پھوٹی کوڑی بھی نہیں دی گئی۔ آوٹ اسٹیشن ملازمین کی دن رات محنت و مشقت کے ذریعے ہی کراچی کو پانی کی سپلائی جاری ہے۔ جبکہ انتظامیہ کی جانب سے ادارے میں مزدور کے ساتھ جاری اس ظلم و ستم پر بڑے بڑے دعوے کرنے والی نام نہاد یونینز بھی اپنے ذاتی مفادات حاصل کرنے کیلیے خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہیں۔