مہنگائی بلند ترین سطح پر ہے،کیا اب ہم تھوڑا گھبرالیں،بلاول کا وزیراعظم سے سوال

167

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے وزیراعظم عمران خان سے سوال کیا ہے کہ مہنگائی بلند ترین سطح کو چھو رہی ہے، کیا اب ہم تھوڑا سا گھبرالیں؟اپنے بیان میں ان کا کہنا تھاکہ لنگرخانے کھولنے سے غربت ختم نہیں ہوگی، آپ کوکچھ کرکے دکھانا ہوگا۔بلاول نے کہا کہ عمران خان نے کرپشن کے خلاف مہم کا جھانسہ دے کرعوام کوچینی کے لیے قطارمیں کھڑا کردیا، عمران خان مہنگائی پرقابونہ پانے کی ذمے داری لیں اور گھر جائیں۔چیئرمین پیپلزپارٹی کے بقول آئی ایم ایف کے حکم پرٹیکسوں کا بوجھ لادنے والے کے جرائم عوام معاف نہیں کریں گے، دنیا کے حکمران عوام کا اور عمران خان چندے کا سوچتے ہیں ۔ان کا یہ بھی کہنا تھاکہ ادویات کی قیمتوں میں 100فیصد سے زائد اضافہ عام آدمی سے زندگی کا حق چھین لینے کے مترادف ہے، میڈیکل اسٹور پر پیسے کم ہونے کی وجہ سے دوا خریدے بغیر واپس جانے والے غریب کی آواز بننا سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں ہے۔بلاول نے مزید کہا کہ وزیراعظم ہاؤس کے ٹھنڈے کمرے میں بیٹھ کر عمران خان کو ان والدین کی تکلیف کا کوئی احساس نہیں جو بچوں کے اسکول کی فیس تک ادا نہیں کرپارہے۔