لاہور (اے پی پی) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مریم صفدر سیاسی بڑھکیں لگا کر حال ہی میں جیل سے باہر آنے والے چچا شہباز شریف پر اپنی دھاک بٹھانا چاہتی ہیں، مریم صفدر کا ہمیشہ پرائی شادی میں عبداللہ دیوانہ والا کردار رہا ہے، اب وہ تحریک انصاف کے اراکین کے حوالے کسی خوش فہمی میں مبتلا ہیں، عام انتخابات کا سیاسی میدان لگنے دیں مسلم لیگ(ن) کو حلقوں سے کھڑے کرنے کیلیے امیدوار بھی میسر نہیں آئیں گے۔ اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مریم صفدر کی سیاست صرف اپنے مفادات کے گرد گھومتی ہے اور کون نہیں جانتا پی ڈی ایم کی تحریک کی بنیاد ہی لندن جانے کی اجازت کیلیے دبائو ڈالنے کیلیے رکھی گئی تھی۔ احتساب کا عمل مکمل ہونے تک مریم صفدر کی باہر جانے کی خواہش پوری نہیں ہوگی۔