حافظ محمد اقبال‘ مزدور تحریک کا روشن ستارہ

358

ہزاروں سال نرگس اپنی بے نوری پہ روتی ہے
بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا
حافظ سید محمد اقبال احمد کا 22 اپریل 2021ء کو کراچی میں انتقال ہوگیا۔ حافظ اقبال احمد ایک عہد ساز شخصیت تھے۔ انہوں نے پی آئی اے میں اسلامی مزدور تحریک کی بنیاد رکھی اور کمیونسٹ یونین کے خلاف ڈٹ گئے۔ وہ پیاسی (پی آئی اے سی ایمپلائز یونین) کے بانی صدر تھے۔ IRO-69 کے تحت ملک کی ٹریڈ یونین کا پہلا ریفرنڈم ہوا۔ ان کی قیادت میں 1969ء میں پیاسی 98 فیصد سے بھی زیادہ ووٹ حاصل کرکے سی بی اے (CBA) منتخب ہوئی۔ حافظ اقبال نے ٹریڈ یونین میں شرافت، امانت، دیانت، محنت، تحفظ حقوق اور ادائیگی فرائض کا جھنڈا بلند کیا۔ انہوں نے مثالی چارٹر آف ڈیمانڈز منظور کروائے۔ اسلامی شعائر کو فروغ دیا، انصاف اور خدمت کو معیار بنایا، وہ خوش اخلاق اور ملنسار تھے، ان میں ولی اللہ کی صفات بدرجہ اتم موجود تھیں۔ پیاسی کے ابتدائی دور میں ان کے رفقائے کار میں مجید صابر شیخ (بطور جنرل سیکرٹری)، محمد حنیف، سعید الرحمن، سلطان درانی، بشارت احمد، شمیم احسن قاضی، ملک محمد شفیع، عباس باوزیر وغیرہم کے نام آتے ہیں۔ حافظ اقبال احمد اعلیٰ اقدار اور مثالی قیادت اور بہترین اخلاق کے حامل تھے۔ وہ پیارے کے بانیان میں شامل تھے۔ اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم سے حافظ اقبال احمد کی کامل مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے آمین۔
حافظ سید محمد اقبال احمد نے حال ہی میں ایک بات یہ بتائی کہ جس روز پیاسی ریفرنڈم جیتی PIA ایئر پورٹ کی مسجد میں ورکرز اور رہنمائوں نے نماز شکرانہ ادا کی اور بہت بڑا جلوس ایئرپورٹ سے مزار قائد اعظم کی طرف روانہ ہوا۔ مزار قائد سے ذرا پہلے ایک گاڑی میں مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ چند ساتھیوں کے ہمراہ وہاں آئے۔ پیاسی کی قیادت ان کو جلوس کے ساتھ دیکھ کر حیرت زدہ رہ گئی۔ مولانا نے فرمایا کہ وہ ابھی قریبی پرواز کے ذریعے لاہور سے آئے ہیں تا کہ آپ سب کو بنفس نفیس اس عظیم الشان تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی جائے اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا جائے۔ اور پھر وہ دوسری قریبی فلائٹ سے لاہور واپس چلے گئے۔ یہ مزدور اور اسلامی مزدور تحریک سے ان کی محبت اور وابستگی کا دلی اظہار تھا۔
آسمان تیری لحد پہ شبنم افشانی کرے۔
علاوہ ازیں جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، نیشنل لیبر فیڈریشن کے رہنما شمس الرحمن سواتی، طیب اعجاز، شکیل احمد شیخ، ویبکوپ کے رہنما احسان اللہ خان اور دیگر نے اپنے تعزیتی پیغامات میں حافظ محمد اقبال کے لیے دعائے مغفرت کی ہے۔