اسلام آباد: اسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے گنجائش ختم ہونے لگی

395

دارالحکومت اسلام آباد کے اسپتال کووڈ مریضوں سے بھرنے لگے۔ سب سے بڑے پمز اسپتال میں کورونا کے نئے مریضوں کے لیے گنجائش ختم ہوگئی۔

پمز اسپتال کی انتظامیہ نے نئے مریضوں کو دیگر اسپتالوں میں جانے کی ہدایت شروع کردی۔ جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر منہاج السراج کا کہنا ہے کہ اسپتال میں ہائی فلو آکسیجن کے تمام بیڈز بھر چکے۔

ڈاکٹر منہاج السراج کے مطابق پمز میں آکسیجن کا استعمال 300 گنا تک بڑھ چکا۔ ہائی فلو آکسیجن کے باعث آکسیجن کا استعمال بڑھ گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہائی فلو کورونا مریض کو یومیہ 15 لیٹر آکسیجن درکار ہے۔ کورونا کی تیسری لہر میں اسپتال آنے والوں کو ہائی فلو آکسیجن کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 72 ہزار 981 جب کہ فعال کیسز کی تعداد 12 ہزار 730 ہے۔ اسلام آباد میں 660 اموات ہوچکیں۔ 59 ہزار 591 مریض صحت یاب ہوئے۔