ایران مذاکرات میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرے‘ سعودی عرب

645

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب نے ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ جوہری مذاکرات میں سنجیدگی سے شامل ہو اور کشیدگی کو بڑھانے سے گریز کرے۔ یہ بات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے قبل سعودی سفیر عبد اللہ بن یحییٰ معلمی نے وڈیو کانفرنس کے دوران کہی۔ اپنے بیان میں انہوں نے ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے اور ایرانی جوہری تنصیبات کی نگرانی بڑھانے کے اقدامات پر زور دیا۔ سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ خطے کے ممالک ایران کے جوہری پروگرام اور تہران کی سازشوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیل کے آرمی چیف افیف کوشاوی عسکری وفد کے ساتھ امریکا روانہ ہوگئے،جہاں ان کی امریکی حکام کے ساتھ ملاقات طے ہے۔ 2سال قبل فوجی سربراہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد جنرل کوشاوی کا امریکا کا یہ پہلا دورہ ہے۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ کوشاوی کے دورے میں سب سے اہم موضوع ایران کا جوہری پروگرام ہے، جس پر وہ امریکی حکام کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ رواں برس کے شروع میں اپنی ایک تقریر میں کوشاوی نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ 2015 ء کے جوہری معاہدے میں واپسی یا کوئی اور معاہدہ دنیا کی بھیانک غلطی ہوگی۔