لاہور/ اسلام آباد (آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف سے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی ٹیلی فون پر گفتگو، شہبازشریف کو رہائی پر مبارک دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمن کا شکریہ ادا کیا اور ان کی مزاج پرسی کی۔ دونوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی صورتحال، کورونا اور پی ڈی ایم کے ایجنڈے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے پی ڈی ایم کا اجلاس بلانے کے حوالے سے شہباز شریف کو اعتماد میں لیا۔ علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے رہائی پر عوام، پارٹی کارکنان اور رہنماؤں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے، جس نے ایک بار پھر ہمیں سرخرو فرمایا اور سچائی کو عیاں کر دکھایا۔ گزشتہ روز اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ، کورونا کی ہلاکت خیزی میں کمی کے ساتھ ہی آپ سب سے ملاقات کیلیے منتظر ہوں۔ کورونا کی شدید لہر میں فی الحال خود کو گھروں تک محدود کریں۔