لاڑکانہ، مسلح افراد کی فائرنگ سے 55 سالہ پرائمری استاد قتل

183

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر کے قریب تھانہ الہٰ آباد کی حد ممتاز کالونی میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 55 سالہ پرائمری استاد اور اینٹوں کے بھٹے کے مالک محمد ہاشم کنبھر کو قتل کرنے کے بعد فرار ہوگئے، اطلاع پر حد کے تھانہ کی پولیس نے پہنچ پر لاش پوسٹ مارٹم کے لیے چانڈکا اسپتال منتقل کردی، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ اس موقع پر مقتول کے بیٹے مہران کنبھر نے بتایا کہ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں، پتہ نہیں کس وجہ سے موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے والد کو قتل کیا ہے۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے ورثاء سے تفتیش کے دوران انہوں نے بتایا کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں، واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔ دوسری جانب مقتول کی لاش ورثاء گھر لے گئے۔ آخری اطلاع موصول ہونے تک واقعے کا مقدمہ درج نہ ہوسکا اور نہ کوئی گرفتاری عمل میں آسکی۔ لاڑکانہ کے قریب آریجا بائی پاس پر تیز رفتار ٹرالر اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں گاؤں صاحب خان گورڑ کے رہائشی علی گل سندیلو، ان کا 8 سالہ بیٹا عمران اور 7 سالہ بھتیجا تاج محمد سندیلو شدید زخمی ہوئے جنہیں آسپاس کے لوگوں نے تشویش ناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، جہاں دوران علاج بچہ عمران دم توڑ گیا جبکہ زخمیوں کو طبی امداد دی گئی۔ دوسری جانب متوفی بچے کی لاش ورثاء گاؤں لے گئے۔